نیتن یاہو کی مقبولیت میں کمی، جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کیلئے دباؤ بڑھ گیا
تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی مقبولیت میں کمی ہوگئی، جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کیلئے دباؤ بھی بڑھنے لگا۔
اسرائیلی میڈیا میں جاری سروے رپورٹس کے مطابق 58 فیصد اسرائیلی شہری ایران کے ساتھ جنگ کے دوان حاصل ہونے والی کامیابیوں کے اسرائیلی دعووں کو مشکوک قرار دیتے ہیں اس کے علاوہ 79 فیصد اسرائیلی شہریوں نے حزب اللہ کے خلاف اور لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں بند کرنے کی حمایت کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو پر بین الاقوامی سطح پر بھی بالخصوص امریکا کی طرف سے جنگ بندی کی شرائط پر عملدرآمد کے لئے دباؤ بڑھ رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران جرمنی، کینیڈا اور دیگر ممالک کی طرف سے بھی اسرائیل سے کہا جارہا ہے کہ وہ جنگ بندی کی شرائط پر عمل در آمد کرے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صورتحال بینجمن نیتن یاہو کو انتخابات کے قریب بہت مشکل پوزیشن میں ڈال سکتی ہے کیونکہ اسرائیلی ووٹرز کی بڑی اکثریت اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے کہ نیتن یاہو جنگ بندی پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔