وزیراعظم شہباز شریف کا جون میں روس کے دورے کا امکان

ماسکو: (شاہد گھمن سے) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف جون میں روس کا دورہ کر سکتے ہیں اور اس دوران ولادیمیر پوتن سے ملاقات متوقع ہے۔

یہ بات ماسکو میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ایک انٹرویو میں بتائی، ان کا کہنا تھا کہ دورے کی تاریخوں پر کام جاری ہے اور امید ہے کہ جون تک یہ اہم دورہ ممکن ہو سکے گا۔

سفیر پاکستان کے مطابق وزیراعظم اس دورے کو ایک تاریخی موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور وہ روسی صدر سے ملاقات کے خواہاں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف روس کے صدر ولادیمیر پوتن کو ایک بااثر عالمی رہنما اور مدبر شخصیت کے طور پر دیکھتے ہیں اور ان سے ملاقات کے لیے پُرجوش ہیں۔

فیصل نیاز ترمذی نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے روس سے درخواست کی ہے کہ وہ اسرائیل پر اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان سفارتی چینلز ہمیشہ فعال رہے ہیں اور انہی کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ ایران کے ساتھ جنگ اسرائیل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

سفیرِ پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا اور عالمی سطح پر سفارتی کوششوں میں بھرپور حصہ لیتا رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں