غیر ملکی صحافیوں کو تمام سہولتیں فراہم کر رہے ہیں: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے غیر ملکی صحافیوں کو فراہم کی گئی سہولیات کی تفصیلات بتا دیں۔

اسلام آباد امن مذاکرات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے صحافیوں کے لئے ویزا آن ارائیول فراہم کیا گیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کوریج کے لئے دنیا بھر سے صحافی پاکستان پہنچے ہیں، 50 کے قریب صحافی پاکستان پہنچ چکے ہیں، صحافیوں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین، سعودی عرب، جاپان، جرمنی، کوریا سمیت مختلف ممالک سے صحافیوں نے ویزا کی درخواستیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے جناح کنونشن سنٹر میں صحافیوں کے لئے ایک چھت تلے تمام ضروری سہولیات میسر کی ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کنیکٹوٹی، پرنٹرز، کمپیوٹرز اور سکرینز نصب کی گئی ہیں، صحافتی امور انجام دینے کے لئے درکار تمام سہولیات یہاں میسر کی گئی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جناح کنونشن سنٹر سے ریڈ زون قریب ہے، صحافی یہاں سے باآسانی کوریج کر سکتے ہیں، صحافیوں کو کارڈز جاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ صحافیوں کو کوریج میں کوئی دقت نہ پیش آئے، کوریج کے لئے آنے والے غیر ملکی صحافیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں