اسرائیل کے جنوبی غزہ میں ڈرون حملے، 2 فلسطینی شہید، ایک شدید زخمی

غزہ: (دنیا نیوز) جنوبی غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں دو افراد شہید ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

فلسطینی انفارمیشن سینٹر کے مطابق حملہ ایک اسرائیلی ڈرون کے ذریعے کیا گیا جس نے اچانک پولیس پوسٹ پر میزائل داغا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ انتہائی تیز دھماکے کے ساتھ ہوا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، طبی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی حالت نازک ہے اور اسے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے، شہید ہونے والوں کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔
دوسری جانب اس حملے کے بعد علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے، مقامی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسے حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، شہریوں میں خوف اور بے چینی پائی جا رہی ہے جبکہ کئی افراد نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی بھی شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں حالیہ دنوں کے دوران ڈرون حملوں اور فضائی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں