پاکستان کو ہوابازی کے شعبہ میں ایک اور سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد: خواجہ آصف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو ہوابازی کے شعبے میں ایک اور سنگِ میل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
سماجی رابطےکی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف نے کہا کہ تقریباً 5 سال کی طویل معطلی کے بعد فلائی جناح یکم مئی 2026 سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان روزانہ دو پروازیں شروع کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ تمام مسافروں، خصوصاً وکلا، تاجروں، مریضوں اور بزرگ افراد کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگی۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) April 22, 2026
انہوں نے کہا کہ ان پروازوں کے آغاز سے حکومتی کفایت شعاری کے اقدامات کو بھی تقویت ملے گی، جیسے ایندھن کی بچت، سڑکوں پر ٹریفک میں کمی اور پیشہ ور افراد کے وقت کی بچت ہو گی۔
وزیر دفاع و ہوابازی نے کہا کہ حکومت پاکستان کے تمام شہروں کے درمیان اور بین الاقوامی مقامات تک فضائی رابطوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے اور دیگر پاکستانی ایئر لائنز محفوظ اور مؤثر فضائی سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے بیڑوں میں اضافہ کر رہی ہیں۔ تمام پاکستانی ایئر لائنز کے لیے نیک تمنائیں۔