حیدرآباد کنگزمین کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست، فائنل میں پہنچ گئی

لاہور: (دنیا نیوز) حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو دو رنز سے ہرا کر پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 185 رنز تک محدود کر کے ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے مارک چیپمین 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ حیدر علی نے 31 اور ڈیوون کانوے نے 30 رنز اسکور کیے۔ کپتان شاداب خان نے 22 رنز بنائے، جبکہ سمیر منہاس 6 اور محسن ریاض 5 رنز بنا سکے۔

یونائیٹڈ کے فہیم اشرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کرس گرین نے 21 اور عماد وسیم نے ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

حیدرآباد کنگزمین کی بولنگ میں محمد علی اور حنین شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عاکف جاوید، حسان خان اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

کنگزمین کی جانب سے عثمان خان نے 61 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگ کھیلی، جبکہ کپتان مارنوس لبوشانے نے 40 رنز اسکور کیے۔ صائم ایوب 38 اور کوشال پریرا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں گلین میکسویل 3 رنز بنا سکے جبکہ معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی بولنگ میں عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رچرڈ گلیسن، کرس گرین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا فائنل 3 مئی بروز اتوار قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں