امریکا کی خلیج عمان میں ناکہ بندی، ایران کو تیل کی آمدن میں بھاری نقصان
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی محکمۂ دفاع کے اندازوں کے مطابق خلیجِ عمان میں جاری امریکی ناکہ بندی کے باعث ایران کو تیل کی آمدنی میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں پینٹاگون حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 13 اپریل سے شروع ہونے والی کارروائی کے بعد ایران تقریباً 4.8 ارب ڈالر کی تیل آمدنی سے محروم ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے اب تک ایران کا تیل اور دیگر سامان لے جانے والے 40 سے زائد بحری جہازوں کا رخ موڑ دیا ہے جبکہ 31 آئل ٹینکرز، جن میں تقریباً 5 کروڑ 30 لاکھ بیرل تیل موجود ہے خلیج میں پھنسے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان ٹینکرز کی مجموعی مالیت کم از کم 4.8 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے جبکہ دو جہازوں کو تحویل میں بھی لیا جا چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینی ذخیرہ گاہوں کی گنجائش ختم ہونے کے باعث ایران کو مشکلات کا سامنا ہے اور وہ پرانے ٹینکرز کو عارضی ذخیرہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ایران کے بعض جہاز امریکی کارروائی سے بچنے کے لئے چین تک پہنچنے کے لئے طویل اور مہنگے راستے اختیار کر رہے ہیں۔