11 سے 18 مئی ملک میں ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 11 سے 18 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے، این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔
ملک میں جاری موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جاری پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے، آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
الرٹ کےمطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے، اسلام آباد،مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور اور قصور کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گلگت، سکردو، گھانچے، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، شگر،کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، باجوڑ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان متاثرہ علاقوں میں بارش متوقع ہے، خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے 11 سے 17 مئی 2026 کے دوران شمالی علاقوں کیلئے گلوف الرٹ جاری کر دیا، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارش، آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے امکانات ہیں، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث گلوف، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
ہنزہ، غذر، چترال، سوات، کوہستان اور اسکردو کے گلیشیئر والے علاقوں میں خطرات بڑھنے کا امکان ہے، گلیشیائی جھیلوں میں اچانک پانی کے اضافے سے نشیبی و حساس علاقوں کو خطرہ لاحق ہے۔
این ڈی ایم اے نے 12 سے 18 مئی 2026 کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کر دیا، جنوبی اور وسطی پاکستان میں 3 سے 5 روز تک شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، زیریں سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے علاقوں کا شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
الرٹ کے مطابق پنجاب کے بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، ڈی جی خان، مظفرگڑھ اور راجن پور سمیت مختلف اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے، سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، تھرپارکر اور عمرکوٹ شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، بلوچستان کے تربت، سبی، نصیر آباد، جعفر آباد، لسبیلہ اور پنجگور سمیت مختلف اضلاع میں شدید گرمی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ہیٹ ویو کے باعث ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور صحت کے حوالے سے خطرات میں اضافے کا خدشہ ہے، بزرگ افراد، بچے، بیمار شہری اور کھلے مقامات پر کام کرنے والے افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، بجلی کی طلب میں اضافے اور پانی کی قلت کا خدشہ ہے، زراعت اور مویشیوں پر بھی اثرات متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے زیادہ سے زیادہ پانی پینے، ہلکے کپڑے پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کو ہیٹ ویو پلان فعال رکھنے، کولنگ سینٹرز قائم کرنے اور پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ کے مطابق بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز اور برف پگھلنے سے گلیشیائی جھیل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، شہری گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور پر خطر ڈھلوانوں پر قیام سے اجتناب کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولرپینل اور گاڑیوں کو نقصان کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سفر میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر احتیاط برتیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں، بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں، این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔