ڈھاکا ٹیسٹ: چوتھے روز کھیل کا اختتام، بنگلادیش کی پوزیشن مستحکم
ڈھاکا: (دنیا نیوز) پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش نے 179 رنز کی برتری حاصل کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ڈھاکا میں جاری ہے۔ آج چوتھا روز بارش سے متاثر رہا اور صرف 37 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔
بنگلہ دیش جس نے آج اپنی دوسری اننگز کا آغاز 7 رنز بغیر کسی کھلاڑی کے نقصان اور 34 رنز کی برتری سے کیا تھا، اس کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گر گئی تھیں۔
محمد حسین جوئے کو محمد عباس نے 5 رنز پر چلتا کیا جب کہ شادمان اسلام 10 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔ تاہم اس کے بعد کپتان نجم الحسن شنٹو اور مومن الحق پاکستانی بولرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔
دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کے لیے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ 128 کے مجموعی اسکور پر مون الحق 56 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد کھیل ختم ہونے تک پاکستانی بولرز مزید کسی کھلاڑی کو آؤٹ نہ کر سکے۔
بنگلہ دیش نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا کر پاکستان پر 173 رنز کی برتری حاصل کرنے کے ساتھ میچ پر اپنی گرفت بھی مضبوط کر لی ہے۔
گزشتہ روز کھیل کے تیسرے دن میزبان ٹیم دن کے اختتام تک 7 رنز بنا چکی تھی۔
پاکستانی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش کے 413 رنز کے جواب میں 386 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اذان اویس 103،عبداللہ فضل 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد رضوان 59 ،سلمان آغا 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، امام الحق45، شاہین آفریدی13، شان مسعود 9 رنز بناسکے۔
پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش کے 413 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنائے تھے تاہم 234 رنز کا خسارہ باقی تھا۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے 301 اور 4 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کیا لیکن 413 رنز پر پوری ٹیم پولین لوٹ گئی جس میں کپتان نجم الحسین شانتو 101 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ مومن الحق 91، مشفیق الرحمان 71 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ان کے علاوہ لٹن داس نے 33، تسکین احمد نے 28 اور تیج الاسلام نے 17 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 3 ، حسن علی اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔