قطر کی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششیں تیز، پاکستان کے کردار کو سراہا
دوحہ: (دنیا نیوز) قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ علاقائی رہنماؤں اور جنگ میں شامل فریقین کے درمیان رابطے تاحال جاری ہیں جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجد الانصاری کے مطابق قطر واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مختلف سفارتی ذرائع کے ذریعے بحران کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔
ماجد الانصاری نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فریقین کو قریب لانے اور مسئلے کا حل تلاش کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتکاری ہی کشیدگی کم کرنے کا مؤثر راستہ ہے۔
قطری ترجمان نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز تک رسائی روکنے کا حق حاصل نہیں، ان کے مطابق بحری آمدورفت ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی اور اب تک صرف دو ایل این جی ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ماجد الانصاری کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطے کا سلسلہ جاری رہے گا اور سفارتی بات چیت مثبت رہی ہے، قطر نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ نے قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی درخواست پر ایران پر حملہ مؤخر کیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ حملوں نے قطر اور ایران کے مثبت تعلقات کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔