اسرائیل کے لبنان میں شہری املاک پر حملے جاری، یتیم خانے کے قریبی علاقے پر گولہ باری

بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیل نے لبنان میں شہری املاک پر حملوں کا سلسلہ ترک نہ کیا، اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں یتیم خانے کے قریبی علاقے پر گولہ باری کی گئی ہے۔

لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے جنوبی قصبے شوقین میں ایک یتیم خانے کے نزدیک علاقے کو نشانہ بنایا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوری طور پر کسی جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 200 سے زائد بچے جاں بحق جبکہ 800 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف جنوبی لبنان کے سرکاری ہسپتال پر بھی اسرائیل نے حملہ کیا جس میں طبی عملے کے 7 ارکان سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے تھے، حملے کے نتیجے میں ہسپتال کی بیرونی عمارت اور متعدد منزلوں کو نقصان پہنچا۔

اسرائیلی حملوں کے باعث کئی اہم شعبے متاثر ہوئے جن میں ایمرجنسی وارڈ، مریضوں کے کمرے، کیموتھراپی یونٹ، انتہائی نگہداشت وارڈ، ایم آر آئی، سرجری، عمومی دیکھ بھال، انتظار گاہیں اور عملے کی رہائش شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں