پنکی کیس: پولیس نے تحقیقات کیلئے ایف آئی اے سے مدد مانگ لی
اسلام آباد(دنیا نیوز): کوکین کوئین انمول عرف پنکی کے کیس کی تحقیقات کیلئے پولیس نے ایف آئی اے سے مدد مانگ لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کے زاویوں سے تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے اس سلسلے میں ایف آئی اے حکام کو ایک باقاعدہ خط ارسال کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خط کے متن میں موقف اپنایا گیا کہ اب تک کی تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کے ساتھی مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے بھاری رقوم وصول اور منتقل کرتے رہے ہیں۔
کراچی پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ملزمان بڑے پیمانے پر نارکوٹکس ٹریفکنگ (منشیات کی سمگلنگ) اور اس سے جڑے غیر قانونی مالیاتی لین دین میں ملوث ہیں۔
خط میں ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایف آئی اے سے درخواست کی ہے کہ اِس ہائی پروفائل کیس میں سائبر اور ڈیجیٹل بینکنگ ٹرانزیکشنز شامل ہیں، اس لیے پولیس کو ملزمان کے نیٹ ورک تک پہنچنے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کی جائے۔
اس کے ساتھ ہی ایف آئی اے کو باقاعدہ انکوائری شروع کرنے اور اس مقصد کے لیے اپنے ماہر افسران تعینات کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
خط کے متن کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف اس وقت کراچی کے تھانہ گارڈن اور تھانہ بغدادی میں 3 مقدمات درج ہیں، اِن کیسز میں منشیات ایکٹ، ناجائز اسلحہ اور اقدامِ قتل جیسی سنگین دفعات شامل ہیں جن پر تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔