اقوام متحدہ کا مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاروں کے بڑھتے تشدد پر اظہار تشویش

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے 14 ماہرین نے مقبوضہ مغربی کنارے، بشمول مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت انتباہ جاری کیا ہے۔

ماہرین نے مشترکہ بیان میں کہا آبادکاروں کے حملے فلسطینیوں کی روزمرہ زندگی میں خوف و ہراس کا مستقل ذریعہ بن چکے ہیں، یہ کارروائیاں خوف، غیر یقینی صورتحال اور گہرے عدم تحفظ کو جنم دے رہی ہیں، مقامی آبادی کو جبری طور پر اپنے علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔

بیان پر دستخط کرنے والوں میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ البانیز بھی شامل ہیں، ماہرین کا کہنا تھا آبادکار تحریک کی جانب سے جاری مسلسل حملے اسرائیل کی حمایت اور خاموش رضامندی کے ساتھ انجام دیے جا رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تشدد پر مکمل جوابدہی کے فقدان اور سزا سے استثنیٰ کی فضا اس صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے اور اس کے نتیجے میں نسلی تطہیر جیسے خطرات کو تقویت مل رہی ہے۔

ماہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر فوری توجہ دے اور شہری آبادی کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں