عدالت نے انمول عرف پنکی کو پیش نہ کرنے کی درخواست منظور کرلی
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے انمول عرف پنکی کو پیش نہ کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
ملزمہ کے خلاف منشیات برآمدگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، پولیس نے ملزمہ پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی درخواست دائر کی۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا انمول پنکی کو پیش کرنے سے نقص امن کا خطرہ ہوسکتا ہے، عدالت نے قرار دیا سکیورٹی وجوہات کی بنا پر چالان پیش ہونے تک ملزمہ کی فزیکل کسٹڈی کی ضرورت نہیں، جب بھی کورٹ طلب کرے پیش کیا جائے۔
دوسری جانب پولیس نے انمول پنکی کے شریک ملزمان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی کی اجازت طلب کرلی، تفتیشی افسر نے سیشن عدالت میں درخواست دائر کردی۔