اسرائیل نے فلسطینی خاتون فٹبالر کی حراست میں توسیع کر دی
تل ابیب: (دنیا نیوز) فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینی خواتین کی قومی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی رند حلوانی کی حراست جمعہ تک بڑھانے کا حکم دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق رند حلوانی کو آج ان کی ساتھی کھلاڑی نٹالی ابو دیہ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں دونوں کھلاڑیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں بلکہ فلسطینی کھلاڑیوں کو منظم انداز میں نشانہ بنانے کے ایک طویل سلسلے کا حصہ ہے، جو اب تک بغیر کسی جوابدہی کے جاری ہے۔
فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن نے عالمی فٹبال تنظیم فیفا اور دیگر فٹبال گورننگ باڈیز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محض بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ فٹبال کے ضابطہ جاتی فریم ورک کے تحت عملی اور تادیبی اقدامات کریں تاکہ فلسطینی فٹبالرز کے خلاف جاری ان مبینہ خلاف ورزیوں کا مؤثر تدارک کیا جا سکے۔