مفت کھانے کیلئے ہوٹل کی ڈش میں اپنے بال ڈالنے والی خاتون پکڑی گئی
لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے ایک ریسٹورنٹ میں پیش آنے والے ایک واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رات کا کھانا کھا رہی تھیں کہ اسی دوران انہوں نے مبینہ طور پر اپنے سر سے ایک بال توڑ کر ڈش میں ڈال دیا، فوٹیج میں خاتون کو پلیٹ میں بال ڈالنے کے بعد ویٹریس کو بلا کر ڈش تبدیل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
ریسٹورنٹ انتظامیہ کے مطابق عملے نے فوری طور پر خاتون کو نئی ڈش فراہم کردی، تاہم خاندان نے وہ ڈش پیک کرا کے گھر لے جانا مناسب سمجھا کیونکہ وہ پہلے ہی کھانا کھا چکے تھے۔
بعد ازاں جب سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ خاتون نے خود ہی بال ڈش میں ڈالا تھا، ریسٹورنٹ نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے تفصیلات بیان کیں۔
ریسٹورنٹ کی پوسٹ کے مطابق خاتون نے اپنے بچے کی ڈش میں بال ملنے کی شکایت کی تھی اور عملے نے فوری طور پر نئی ڈش فراہم کی، جسے خاتون نے قبول کیا مگر بعد میں اسے گھر لے گئیں۔
پوسٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے نہ صرف بال ڈالنے کی حقیقت سامنے آئی بلکہ یہ بھی دیکھا گیا کہ خاتون جاتے ہوئے کیچپ کی بوتل، آئسکریم باؤل اور چائے کا چمچ بھی اپنے ساتھ لے گئیں۔ انتظامیہ نے طنزیہ انداز میں یاد دہانی کرائی کہ چمچ یا کیچپ ان کے ٹیک اوے مینیو کا حصہ نہیں ہیں۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوچکی ہے اور بیشتر صارفین نے ریسٹورنٹ کے بروقت اور شفاف ردعمل کو سراہا ہے۔