وزیراطلاعات خیبر پی کے کا سنٹرل جیل کا دورہ، اصلاحی سرگرمیوں کا جائزہ
پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا، جہاں جیل انتظامیہ نے انہیں قیدیوں کی فلاح و بہبود، اصلاحی سرگرمیوں اور جیل کے انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے جیل کے مختلف بیرکوں اور سیکشنز کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور ضروریات سے آگاہی حاصل کی، انہوں نے جیل میں قائم منشیات بحالی مرکز، لائبریری، پریزن انڈسٹری اور فنی تربیتی مراکز کا بھی دورہ کیا۔
شفیع جان نے قیدیوں کے لیے جاری آرٹ اور تخلیقی سرگرمیوں، آئی ٹی اور انگلش کورسز کی کلاسز سمیت مریضوں کے وارڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے قیدیوں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار، طبی سہولیات اور بحالی پروگراموں کا بھی جائزہ لیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے اور ان کی اصلاح کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، صوبائی حکومت جیلوں کو صرف قید خانے نہیں بلکہ اصلاح، تربیت اور بحالی کے مراکز میں تبدیل کرنے کے وژن پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے تحت قیدیوں کو تعلیم، ہنر اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سنٹرل جیل پشاور میں قائم جیل انڈسٹری اور فنی تربیتی مراکز قیدیوں کو خود انحصار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں مزید اصلاحی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ رہائی کے بعد قیدی معاشرے میں باعزت اور باوقار زندگی گزار سکیں، انہوں نے جیل عملے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔