ایرانی صدر کا علاقائی امن کیلئے ہمسایہ ممالک سے تعاون پر زور
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ حالیہ واقعات کے باوجود ایران کے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں اور خطے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ خطے کے ممالک کے ساتھ کئی غلط فہمیاں دور ہونے کے راستے پر ہیں، جبکہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے میں کئی تنازعات اور غلط فہمیاں حل کی جانب بڑھ رہی ہیں، پائیدار امن اور استحکام صرف باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور مسلسل سفارتی روابط کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ایرانی صدر نے علاقائی تعاون اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں استحکام، افہام و تفہیم اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔