کل جماعتی حریت کانفرنس کا 13 جولائی یومِ شہدائے کشمیر منانے کا اعلان

مظفرآباد: (دنیا نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس نے 13 جولائی کو یومِ شہدائے کشمیر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔

مظفرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی، میئر میونسپل کارپوریشن سکندر گیلانی، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، ڈائریکٹر لبریشن سیل سجاد لطیف، مہاجرین نمائندہ فورم کے غلام حسن بٹ اور دیگر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ 13 جولائی 1931 تحریک آزادی کشمیر کا نقطۂ آغاز ہے، اسی روز اذان کی تکمیل کے دوران 22 کشمیریوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلی نکالی جائے گی جبکہ اپر اڈا لال چوک میں جلسہ منعقد ہوگا، جس میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔

رہنماؤں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج بھی کشمیری آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، ماضی میں بھی وہاں یہ دن منایا جاتا رہا ہے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی یومِ شہدائے کشمیر شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان امن کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے آزادی کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں