امریکہ کا عراق اور شام کے ساتھ مل کر پرانی تیل پائپ لائن کی بحالی کا منصوبہ

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکہ عراق اور شام کے ساتھ مل کر ایک پرانی تیل پائپ لائن کی بحالی کے منصوبے پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے عراق اپنی تیل برآمدات آبنائے ہرمز استعمال کیے بغیر بحیرہ روم تک پہنچا سکے گا۔

مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق منصوبے کے تحت عراق کے شمالی شہر کرکوک سے شام کے بحیرہ روم کے ساحلی شہر بانیاس تک 500 میل طویل پائپ لائن کو دوبارہ فعال کیا جائے گا۔

پائپ لائن کی بحالی کے معاہدے کا اعلان آئندہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں عراقی وزیراعظم علی الزیدی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے دوران کیا جا سکتا ہے، یہ پائپ لائن کئی دہائیوں سے بند ہونے پر خراب ہو چکی ہے۔

سینئر عہدیدار نے بتایا کہ غالب امکان ہے کہ موجودہ پائپ لائن کو مکمل طور پر تبدیل کرنا پڑے گا جس میں دو سے تین سال لگ سکتے ہیں، منصوبے پر عمل درآمد کیلئے امریکی کمپنیوں کے ایک گروپ کو پہلے ہی شامل کیا جا چکا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں