او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے: اعظم نذیر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان صدارت کی ذمہ داری کیلئے تیار ہے، ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں 57 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہیں، کانفرنس کے تکنیکی اجلاس آج جاری ہیں، جبکہ مرکزی وزارتی اجلاس کل ہوگا، اجلاس میں مبصرین اور وزارتی وفود شریک ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پہلی بار پاکستان کو ملی، وزیر اعظم افتتاحی اجلا س سے خطاب کریں گے، وزارت خارجہ کانفرنس کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، کانفرنس کے انعقاد میں وزارت اطلاعات کے تعاون کو سراہتے ہیں، مختلف تکنیکی ورکنگ گروپ بھی کانفرنس کا حصہ ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور خواتین کی بڑی تعداد کانفرنس میں شریک ہوگی، کانفرنس میں خواتین کے کردار اور ترقی کا جائزہ لیا جائے گا، خواتین کو درپیش چیلنجز پر بھی غور ہوگا۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کے اختتام پر اعلامیہ جاری ہوگا۔