اردن، قطر، سعودیہ، کویت، لبنان اور عمان کی جانب سے ایرانی حملوں کی مذمت

دوحہ: (ویب ڈیسک) خلیجی ممالک میں ایران کی جانب سے امریکی اہداف کو نشانہ بنانے پر اردن، قطر، سعودیہ، کویت، لبنان اور عمان نے ایرانی حملوں کی مذمت کر دی۔

اردن نے خلیجی ممالک پر ایران کے حملوں کو ان کی خودمختاری، سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اردن کے مطابق یہ حملے نہایت خطرناک اشتعال انگیزی ہیں اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

قطر نے اپنی سرزمین اور خطے میں ایران کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ان حملوں کا تسلسل کشیدگی میں خطرناک اضافہ کرے گا، امن و استحکام کے لیے جاری سیاسی اور سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچائے گا، اور ایران ان حملوں اور ان کے تمام نتائج کا مکمل قانونی طور پر ذمہ دار ہوگا۔

قطر نے ان حملوں کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قانون کی صریح پامالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے مناسب جواب دینے کا حق حاصل ہے، تاہم اس نے خطے میں تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔

لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اردن، بحرین، کویت، عمان اور قطر پر ایران کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لبنان ان برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایران پر بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور، اسلامی تعاون تنظیم کے منشور اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔

سعودی عرب کے مطابق ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں پر بار بار حملے سمندری سلامتی اور جہاز رانی کی آزادی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

عمانی حکومت نے اپنی سرزمین پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجی ممالک پر کیے گئے حملوں کے دوران عمان کو بھی نشانہ بنایا گیا، عمان نے اس حملے کو ناقابل قبول قرار دیا، جبکہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب چند گھنٹے قبل ہی عمان نے آبنائے ہرمز کی سلامتی پر بات چیت کے لیے ایرانی وزیر خارجہ کی میزبانی کی تھی۔

کویت نے اپنے خلاف ہونے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں گھناؤنے حملے قرار دیا۔

کویتی وزارت خارجہ کے مطابق ان حملوں کا سلسلہ جاری رہنا خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں اضافہ کرے گا، علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالے گا اور سفارتی ذرائع سے بحران کے حل کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گا۔

کویت کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ کویت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بھارت نے عمان کے ساحل پر تجارتی جہاز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ جہاز پر سوار 11 انڈین شہریوں میں سے 10 کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک انڈین شہری تاحال لاپتہ ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق عمان میں انڈین سفارت خانہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور عمانی حکام کے ساتھ مل کر کیے جانے والے تلاش اور بچاؤ کے آپریشنز میں فعال تعاون کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں