کراچی میں بینکوں سے ریکی کرکے شہریوں کو لٹوانے والا بزرگ ملزم گرفتار

کراچی:(دنیا نیوز) شہرِ قائد کی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کی ریکی کرکے انہیں لٹوانے والے 60 سالہ بزرگ ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم فیروز آباد کے مختلف بینکوں میں جا کر بڑی رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کی نشاندہی اپنے ساتھیوں کو کرتا تھا جس کے بعد چار رکنی گینگ شہریوں کو راستے میں لوٹ لیتا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے کسی کو شک میں مبتلا نہ کرنے کے لیے بزرگ کا روپ دھار رکھا تھا، مختلف وارداتوں کے بعد حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں بھی ملزم کو بینکوں میں ریکی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جب کہ اس کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آ گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ڈکیتی کے دوران قتل کے ایک مقدمے میں بھی ملوث رہا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جب کہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں