متحدہ عرب امارات کا آبنائے ہرمز سے بچنے کیلئے نئی بندرگاہ بنانے کا فیصلہ

ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات نے دبئی پر انحصار کم کرنے اور آبنائے ہرمز سے بچنے کے لئے نئی بندرگاہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پورٹ کا انتظام سنبھالنے والی اماراتی کمپنی ڈی پی ورلڈ مشرقی ساحل پر اماراتی ریاست فجیرہ میں نئی کثیرالمقاصد بندرگاہ تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اقدام کا مقصد دبئی کی بندرگاہ جبل علی پر انحصار کم کرنا اور آبنائے ہرمز کے راستے سے بچنے کا متبادل پیدا کرنا ہے، منصوبہ متحدہ عرب امارات کی حکمت عملی سے مطابقت رکھتا ہے جس کے تحت وہ اپنی معیشت کو ایران کے ساتھ کشیدگی سے محفوظ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، منصوبے کے ذریعے کنٹینرز آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر متحدہ عرب امارات میں داخل یا باہر جا سکیں گے۔

آبنائے ہرمز بند کئے جانے کے بعد سے دبئی کی جبل علی پورٹ کی سرگرمیوں میں 90 سے 95 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، اس صورتحال نے اماراتی کمپنی کو متبادل راستہ تلاش کرنے پر مجبور کیا ہے۔

اماراتی کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ نئی بندرگاہ ڈیڑھ سال کے اندر مکمل کی جا سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...