پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ریاض: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں پاکستانی پاور سیکٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ریاض میں سعودی انرجی ورکنگ گروپ سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے، دیرینہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر توانائی نے سعودی وفد کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحاتی پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ادارہ جاتی اصلاحات، بہتر طرز حکمرانی، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی پائیداری کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پاکستان نجی شعبے کی مؤثر شمولیت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب اور صاف توانائی کے مؤثر انضمام کے لیے قومی ٹرانسمیشن گرڈ کی توسیع ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر پاکستان کے توانائی مستقبل کی بنیادی ضرورت ہے جبکہ پاور سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن حکومت کی اصلاحاتی حکمت عملی کا اہم ستون ہے۔

ملاقات میں سمارٹ میٹرنگ اور ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر کے نفاذ پر بھی سعودی وفد کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اویس لغاری نے کہا کہ اسمارٹ میٹرنگ سے بجلی کے تکنیکی و تجارتی نقصانات میں کمی اور تقسیم کے نظام کی کارکردگی بہتر ہوگی جبکہ جدید ڈیجیٹل نظام سے صارفین کو زیادہ شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی۔

وفاقی وزیر توانائی نے سعودی انرجی ورکنگ گروپ کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور سرمایہ کاری کے ترجیحی منصوبوں کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پاکستان سعودی سرمایہ کاروں اور شراکت داروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

دونوں ممالک نے توانائی، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے، مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ اور علاقائی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...