سندھ سرمایہ کاری کا مرکز بن رہا ہے: شرجیل میمن

کراچی: (دنیا نیوز) سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی کاوشوں سے صوبہ جدید، خوشحال اور سرمایہ کاری کا مرکز بنتا جا رہا ہے جبکہ جاری اور مجوزہ میگا منصوبے روزگار، صنعت، تجارت اور عوامی سہولیات کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شفاف طرز حکمرانی، جدید پالیسیوں، ون ونڈو سہولت اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ معیشت کو مضبوط بنانے، برآمدات میں اضافے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، ایس تھری سیوریج منصوبہ، دھابیجی سپیشل اکنامک زون، ایس بس اور جدید سمارٹ سرویلنس سسٹم جیسے میگا منصوبے سندھ کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔

سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کے جامع ترقیاتی پیکج پر بھی کام کر رہی ہے، جس کے تحت سڑکوں، پلوں، پانی کی فراہمی، سیوریج، برساتی پانی کی نکاسی اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مجوزہ میڈیکل سٹی منصوبہ سندھ کو صحت کے شعبے میں جدید مرکز بنانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگا، جس سے عالمی معیار کی طبی سہولیات، تحقیق اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صنعتی زونز اور سرمایہ کاری کے کلسٹرز کے قیام سے مقامی صنعت کو وسعت، نئی سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، شہری انفرااسٹرکچر، پانی، سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے منصوبے کراچی سمیت سندھ کے دیگر بڑے شہروں کو جدید شہری سہولیات فراہم کریں گے۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق عوامی و نجی شراکت داری کے تحت 109 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جو صوبے میں ترقی، روزگار، سرمایہ کاری اور عوامی فلاح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت وعدوں کے بجائے عملی کارکردگی پر یقین رکھتی ہے اور سندھ ترقی، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے، جو آئندہ برسوں میں ملکی معیشت میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...