پنجاب میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز، الحمرا میں میوزک کنسرٹ

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔

وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام الحمراء کلچرل کمپلیکس میں جشن آزادی میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں نامور گلوکار راحت فتح علی خان، فاخر محمود اور گلوکارہ یشال شاہد نے پرفارم کیا۔

جشن آزادی میوزک کنسرٹ میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری، صوبائی وزیر شیر علی گورچانی اور سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہری ملی نغموں پر جھومتے رہے اور پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ کنسرٹ کے شرکاء نے معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

میوزک کنسرٹ کے آغاز میں قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی پر بنائی گئی خصوصی ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی جبکہ وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب کی جانب سے جشن آزادی پر بنایا گیا ملی نغمہ بھی ریلیز کیا گیا۔

ملی نغمے ’رہے تا قیامت میرے پاکستان‘ کو گلوکار فاخر محمود نے گایا۔

اس موقع پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے یہ وطن بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء اور غازی تاقیامت ہمارا فخر رہیں گے، پوری قوم ان شہداء کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جوڑی کامیابی سے جاری ہے، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کامیابیاں حاصل کررہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب اپنی کارکردگی کی بدولت باقی صوبوں میں نمبر ون جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...