صدر مملکت کا پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن کی خدمات کا اعتراف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن کی 5 سالہ سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دور میں پاکستان اور قازقستان کے تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ فروری 2026ء میں قازق صدر کاسِم ژومارت توکایف کا 23 سال بعد پاکستان کا تاریخی دورہ پاک قازقستان تعلقات میں اہم سنگِ میل ہے، دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر مؤثر عملدرآمد ضروری ہے، جبکہ سیاسی خیرسگالی کو تجارت اور سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال میں پاکستان اور قازقستان کی دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر تک بڑھانا ممکن ہے، زراعت، توانائی، کان کنی، معدنیات، آئی ٹی اور دواسازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سڑک، ریل، فضائی اور بحری روابط کو مزید مضبوط بنانے کی بھی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کیلئے قازقستان کی جانب سے ایک ملین ڈالر گرانٹ اور گوجرانوالہ میں پہلے پاک قازقستان مصنوعی ذہانت مرکز کے قیام کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر قازق سفیر یرژان کستافن نے بتایا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان ریلوے رابطے کے قیام پر کام جاری ہے، جبکہ تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی، زراعت، آئی ٹی اور تعلیم کے شعبوں میں 6 ورکنگ گروپس فعال ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قازق یونیورسٹیوں میں اس وقت تقریباً ایک ہزار پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں، قازقستان پاکستانی آم، امرود، فالسہ اور دیگر پھلوں کیلئے ایک ممکنہ بڑی منڈی بن سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...