عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف تمام کیسز واپس لیے جائیں: اسد قیصر
پشاور: (دنیا نیوز) مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے مشاورتی کانفرنس میں قرارداد پیش کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
اجلاس میں اسد قیصر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین کی گئی اور وزراء نے ڈھٹائی سے اس حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا، لہٰذا سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت توہینِ عدالت کے کیس پر کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی توقیر کا معاملہ انتہائی اہم ہے، جن لوگوں نے عدلیہ کی بے توقیری کی ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے اور ایسی قرار واقعی سزا دی جائے کہ دنیا بھر کو معلوم ہو کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمارے پاس حکومت ہے لیکن ہمیں حقِ حکمرانی نہیں دیا جا رہا، ریاست فاٹا کے عوام کے ساتھ اپنی کمٹمنٹ پوری نہیں کر رہی اور خیبر پختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ میں آئین کے مطابق حصہ نہیں دیا جا رہا۔
اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ میں آئینی حصہ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے گندم کے بحران پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مریم نواز اور شہباز شریف نے گندم کے معاملے کو مس ہینڈل کیا، جس سے کسانوں کو 900 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
رہنما تحریک انصاف نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ گندم کی آمدورفت پر عائد پابندی فوری ختم کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments