مصطفیٰ کمال کی کراچی کے مسائل پر شدید تنقید، 27 ستمبر کو جلسے کا اعلان
کراچی:(دنیانیوز) رہنما ایم کیو ایم و وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کراچی کے مسائل، حکومتی نظام اور وسائل کی تقسیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے 27 ستمبر کو سہراب گوٹھ میں جلسے کا اعلان کردیا۔
شہرِ قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا شہر میں پانی، سیوریج، ٹرانسپورٹ اور بنیادی سہولیات کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج لیاری کے عوام جو پانی پی رہے ہیں، وہ مصطفیٰ کمال نے وہاں پہنچایا تھا۔
انہوں نے سندھ میں وسائل کے استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 22 ہزار ارب روپے سے 50 بار سندھ بن سکتا تھا، لیکن عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ دبئی میں بننے والے ولاز عوام کے پیسوں سے تعمیر ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام بددل لوگ پیدا کر رہا ہے اور گزشتہ 70 سال سے حکمران عوام کو ایک دوسرے کا غدار بنا رہے ہیں، ان کے بقول، اسی تقسیم کے باعث فوج کو بھی عوام سے لڑوایا جا رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے انتظامی ڈھانچے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ایک ڈسٹرکٹ ہے جب کہ کراچی کو سات اضلاع میں تقسیم کر دیا گیا ہے،انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت نئے انتظامی یونٹس کے مطالبے کی مخالفت نہیں بلکہ اس کی حمایت کر رہی ہے۔
انہوں نے کارکنوں اور شہریوں سے تحریک کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہمیں ووٹ نہیں دینا، بس اس تحریک میں ہمارا ساتھ دے دو‘ حقوق کے حصول کے لیے لوگوں کو متحد ہو کر حکومت تک اپنی آواز پہنچانا ہوگی۔
مصطفیٰ کمال نے کراچی میں گٹر میں بچوں کے گرنے اور ٹینکرز سے حادثات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماں اس وقت کس اذیت سے گزرتی ہے جب اس کا بچہ گٹر میں گر کر یا ٹینکر سے کچل کر جاں بحق ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایم کیو ایم صرف ایک مخصوص علاقے کی جماعت نہیں بلکہ سہراب گوٹھ، لیاری، کٹی پہاڑی، لیاقت آباد اور اورنگی سمیت پورے کراچی کی نمائندگی کرتی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو سہراب گوٹھ میں پختونوں کا جلسہ کیا جائے گا جب کہ مہاجر گھر بیٹھ کر یہ جلسہ دیکھیں گے، کراچی اور حیدرآباد کے جلسوں کے بعد لاڑکانہ میں بھی جلسہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments