اسلام آباد کے لوگ اپنے ووٹوں سے مجھے ہٹا نہیں سکتے، یہ نظام کی خرابی ہے: مصطفیٰ کمال
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگ اپنے ووٹوں سے مجھے ہٹا نہیں سکتے، یہ نظام کی خرابی ہے، چھوٹا انتظامی یونٹ ہوتا تو اسلام آباد کے لوگ غلطی پر وزیر صحت بدل سکتے۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی یونٹس بنائیں گے تو اختیار براہ راست عوام کو مل جائے گا، عوام کو سمجھ آگئی چھوٹے انتظامی نظام سے انہیں سہولت ملے گی۔
وزیر صحت نے پمز میں 10 فیصد مریضوں سے فیس لئے جانے کا نوٹس لے لیا، مصطفیٰ کمال نے پمز انتظامیہ سے مریضوں سے فیس چارجنگ کی تفصیلات مانگ لیں۔
وزیر صحت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر محمد سلمان پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پمز انتظامیہ نے فیس وصولی سے آمدن کی تفصیلات کیوں نہیں دیں؟ 90 فیصد کے ساتھ 10 فیصد مریضوں کا علاج مفت کیوں نہیں ہو سکتا؟
وزیر صحت کا مزید کہنا ہے کہ پمز کے 100 فیصد مریضوں کے مفت علاج کیلئے وزیراعظم سے بات کروں گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments