دنیا کا سب سے لمبا زندہ گھوڑا، برطانیہ کے ’ہیوگو‘ نے ریکارڈ قائم کر دیا
لندن: ( ویب ڈیسک) برطانیہ میں موجود غیر معمولی جسامت کے گھوڑے ’ہیوگو‘ نے دنیا کے سب سے لمبے زندہ گھوڑے کا اعزاز اپنے نام کر لیا، جس کا قد تقریباً 6 فٹ 6 انچ ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق شائر نسل کے ہیوگو کا قد کھروں سے گردن کے نچلے حصے تک 199 سینٹی میٹر یعنی 19.2 ہینڈز ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس کا وزن تقریباً 890 کلوگرام بتایا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہیوگو کی نشوونما ابھی مکمل نہیں ہوئی۔ اس کے مالکان کا خیال ہے کہ وہ 7 سے 8 سال کی عمر تک مزید بڑھ سکتا ہے، یعنی مستقبل میں اس کا قد موجودہ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔
برطانیہ کے علاقے ٹاؤسیسٹر میں رہنے والا ہیوگو اپنی غیرمعمولی جسامت کے باعث مقامی سطح پر پہلے ہی خاصا مشہور تھا اور تقریبات میں اسے دیکھ کر لوگ رک جاتے اور اس کی ویڈیوز بنانے لگتے تھے۔
ہیوگو کے مالکان بریٹ اور لیزا ماسٹرز کے مطابق حیران کن جسامت کے باوجود وہ انتہائی نرم مزاج ہے اور اس کا رویہ ایک بڑے پالتو کتے جیسا ہے۔
شائر نسل کے گھوڑے اپنی بڑی جسامت اور طاقت کے لیے مشہور ہیں اور ماضی میں انہیں کھیتی باڑی، بھاری سامان کھینچنے اور نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
تاہم ہیوگو دنیا کی تاریخ کا سب سے لمبا گھوڑا نہیں، گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ اعزاز ’سیمپسن‘ نامی شائر گھوڑے کے پاس ہے، جس کا قد 1850 میں 2.19 میٹر یعنی تقریباً 7 فٹ 2.5 انچ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments