پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ: محکمہ سکولز کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ سکولز پنجاب کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دیدی۔
جاری کردہ دستاویزات کے مطابق پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن کو 3 الگ الگ علاقائی محکموں میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی، پنجاب میں جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب کی بنیاد پر 3 خودمختار تعلیمی انتظامی ڈھانچے قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔
محکمہ تعلیم کی علاقائی تقسیم کو مستقبل میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جاسکتا ہے، پنجاب میں ایک صوبائی سیکرٹری کے بجائے تین علاقائی سیکرٹریز تعینات کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔
دستاویزان میں بتایا گیا ہے کہ تینوں علاقائی محکموں کے اپنے سیکرٹریٹ، سیکرٹری اور ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن ہوں گے، جنوبی پنجاب کے تعلیمی انتظامی ڈھانچے کا مرکز ملتان، وسطی پنجاب کا لاہور اور شمالی پنجاب کا راولپنڈی بنانے کی تجویز دی گئی۔
پنجاب کی 9 ڈویژنز کو تین الگ الگ علاقائی تعلیمی انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، جنوبی پنجاب کی 3، وسطی پنجاب کی 4 اور شمالی پنجاب کی 2 ڈویژنز پر مشتمل الگ انتظامی ڈھانچے کی تجویز دی گئی۔
پنجاب کے 41 اضلاع کو 3 علاقائی تعلیمی انتظامی حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments