ابوظہبی میں امریکا اور یوکرین کیساتھ مذاکرات سے قبل پوتن کی سلامتی کونسل سے اہم مشاورت

ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین تنازع پر 10 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ہونے والے روس، امریکا اور یوکرین کے سہ فریقی مذاکرات سے قبل روسی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور مذاکراتی وفد میں شامل اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں آئندہ مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اجلاس کے دوران تصدیق کی کہ یوکرین کے مسئلے پر روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات آئندہ منگل، 10 نومبر کو متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوں گے۔

صدر پوتن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے معاملے پر سہ فریقی مذاکرات اگلے ہفتے منگل کو متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی تاریخ طے ہونے کے پیش نظر ان حکام کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے جو مذاکرات میں شرکت کریں گے، تاکہ اس اہم معاملے پر مختصر مشاورت کی جاسکے۔

روسی صدر کی زیر صدارت اجلاس میں سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے علاوہ صدارتی معاون ولادیمیر میدنسکی نے شرکت کی، جو ابوظہبی میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں روسی وفد کی قیادت کریں گے۔

اجلاس میں صدر پوتن کے معاون یوری اوشاکوف، روس کے نائب وزرائے خارجہ میخائل گالوزین اور سرگئی ریابکوف بھی شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ روسی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے مرکزی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ ایگور کوستیوکوف اور جنرل اسٹاف کے مرکزی آپریشنل ڈائریکٹوریٹ کے نائب سربراہ یوری ژیگارلوفسکی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

روسی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے ساتھ سفارتی اور فوجی حکام کی شرکت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب روس، امریکا اور یوکرین کے نمائندے ابوظہبی میں براہِ راست مذاکرات کی تیاری کررہے ہیں۔

اجلاس میں آئندہ سہ فریقی مذاکرات کو مرکزی موضوع بنایا گیا، تاہم مذاکرات کے تفصیلی ایجنڈے، زیرِ غور تجاویز اور ممکنہ نتائج کے بارے میں مزید معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

روسی صدر کی جانب سے مذاکراتی وفد کے ارکان کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں مدعو کرنے سے واضح ہوتا ہے کہ ماسکو 10 نومبر کی بات چیت سے قبل اعلیٰ سطح پر مشاورت کررہا ہے۔

ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات میں روسی وفد کی قیادت ولادیمیر میدنسکی کریں گے، روسی صدر نے اجلاس میں شریک حکام سے یوکرین کے مسئلے پر آئندہ بات چیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، تاہم اجلاس میں کسی حتمی فیصلے یا معاہدے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...