شارجہ بک فیئر میں پاکستان پویلین کا افتتاح، سفیر شفقت علی خان کی شرکت
شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں جاری 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے پاکستان پویلین کا افتتاح کر دیا۔
ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کے معروف اشاعتی اداروں کے نمائندوں، ادبی شخصیات اور کتابوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی، پاکستانی پویلین میں اردو اور انگریزی زبان کی مختلف کتابیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
پاکستانی سفارت خانے کے مطابق افتتاحی تقریب میں بک کارنر جہلم کے ڈائریکٹر گگن شاہد، فیروز سنز کے ڈائریکٹر دانیال سلام اور اردو بکس ورلڈ کے شریک بانی سرمد خان بھی موجود تھے۔
پاکستانی پویلین میں شاعری، ناول، بچوں کے ادب، تعلیمی و تحقیقی موضوعات، تاریخ اور ثقافت سے متعلق کتابیں رکھی گئی ہیں، سفیر پاکستان نے قدرت اللہ کمپنی، ضیاء القرآن پبلی کیشنز اور پیراماؤنٹ بکس سمیت پاکستانی ناشرین کے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر سفیر شفقت علی خان نے شارجہ کو علم، ادب اور ثقافت کا اہم عالمی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر امارت کی ثقافتی شناخت کی نمایاں علامت بن چکا ہے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں، خصوصاً شارجہ کی پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کتاب میلے کا دورہ کریں اور نئی نسل کا کتابوں اور مطالعے سے تعلق مضبوط بنائیں۔
دورے کے دوران پاکستانی سفیر نے شارجہ بک اتھارٹی کے سربراہ احمد بن رکاض العامری سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شارجہ کے درمیان ادبی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، احمد العامری نے پاکستانی کمیونٹی کے لیے بالخصوص اردو کتابوں کی دستیابی میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفیر پاکستان نے محی الدین ابن عربی فاؤنڈیشن کے اسٹال کا بھی دورہ کیا، جہاں فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر شیخ ایمن حمدی الاکبری نے اسلامی علمی ورثے کے تحفظ سے متعلق سرگرمیوں سے آگاہ کیا، سفیر نے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کی تصانیف الخیر الکثیر اور اللمحات کی اشاعت کو سراہا، جن میں پاکستانی عالم مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری کی شروحات شامل ہیں۔
سفیر شفقت علی خان نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی سفارت خانہ آئندہ بھی شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستان کی شرکت بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، عالمی کتاب میلہ 15 نومبر تک جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments