دہشتگردی کیلئے مساجد استعمال کرنے والوں کا اسلام سے تعلق نہیں، عوام کی شدید مذمت

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے عوام نے مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے والے عناصر کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

خیبرپختونخوا کے عوام مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے والے عناصر کی ہر سطح پر کھل کر مذمت کر رہے ہیں، سوات، تیمرگرہ، کرک، بنوں اور چترال کے عوام نے دہشت گردوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوات اور وزیرستان میں مساجد کو دہشت گردی اور دھماکا خیز مواد کی تیاری کے لیے استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔

عوام نے کہا کہ مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے والے عناصر دینِ اسلام کی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی کر رہے ہیں، دہشت گرد عناصر مساجد کو پناہ گاہ اور ڈھال بنا کر اپنے مذموم عزائم کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

عوام کے مطابق پاکستان مخالف بیرونی قوتوں کی سرپرستی میں دہشت گردی کی سازشیں بے نقاب کرنا ضروری ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد مشکوک افراد، سرگرمیوں اور سامان کی فوری اطلاع متعلقہ ریاستی اداروں کو دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...