بنگلہ دیشی فوٹوگرافر کا عالمی اعزاز، ایک تصویر پر 7 لاکھ 34 ہزار درہم کا انعام
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں منعقدہ بین الاقوامی فوٹوگرافی مقابلے میں بنگلہ دیشی فوٹوگرافر پینو رحمان نے ایک تباہ حال گھر میں سوئے ہوئے خاندان کی دل کو چھو لینے والی تصویر کے ذریعے دنیا کا بڑا فوٹوگرافی اعزاز اپنے نام کرلیا۔
حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم انٹرنیشنل فوٹوگرافی ایوارڈ کے پندرہویں ایڈیشن میں انہیں دو لاکھ امریکی ڈالر، تقریباً سات لاکھ 34 ہزار درہم کا گرینڈ پرائز دیا گیا۔
دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر میں 10 نومبر کو منعقدہ تقریب میں شیخ محمد بن راشد بن محمد بن راشد آل مکتوم نے پینو رحمان کو یہ اعزاز پیش کیا۔ تقریب دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک کے فوٹوگرافرز اور نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
پینو رحمان کی ایوارڈ یافتہ تصویر ’’ایک ہی آسمان کے نیچے‘‘ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی کورائل بستی میں نومبر 2025 کے دوران لگنے والی تباہ کن آگ کے بعد لی گئی تھی۔ اس آتش زدگی میں تقریباً پندرہ سو مکانات تباہ یا متاثر ہوئے تھے۔ تصویر میں پانچ افراد پر مشتمل ایک خاندان اپنے جلے ہوئے گھر کی باقی بچ جانے والی دیواروں کے درمیان ایک ساتھ سوتا دکھائی دیتا ہے۔
تصویر میں بے گھری، غربت اور تباہی کے باوجود خاندانی رشتوں کی مضبوطی اور انسانی حوصلے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ یہی منظر مقابلے کے مرکزی موضوع ’’خاندان‘‘ کی مؤثر عکاسی کرتا ہے، جسے متحدہ عرب امارات کے سال 2026 کو خاندان کے سال کے طور پر منانے سے بھی منسلک کیا گیا تھا۔
پینو رحمان پیشے کے اعتبار سے بنگلہ دیش کے ایک بینک کے سائبر سکیورٹی شعبے سے وابستہ ہیں اور فوٹوگرافی ان کا شوق ہے۔ وہ اس سے قبل بھی بین الاقوامی فوٹوگرافی مقابلوں میں اعزازات حاصل کرچکے ہیں، تاہم دبئی میں گرینڈ پرائز جیتنے والے پہلے بنگلہ دیشی فوٹوگرافر بن گئے ہیں۔
اس سال حمدان انٹرنیشنل فوٹوگرافی ایوارڈ کے مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر دس لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے گئے۔ مقابلے میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت، فلسطین اور دیگر ممالک کے فوٹوگرافرز نے بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
منتظمین کے مطابق اس عالمی مقابلے کا مقصد فوٹوگرافی کے ذریعے انسانی کہانیوں، معاشرتی حقیقتوں اور دنیا بھر کی ثقافتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ پینو رحمان کی کامیابی نے ثابت کیا کہ ایک تصویر بھی انسانی دکھ، امید اور خاندانی محبت کا پیغام پوری دنیا تک پہنچا سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments