دبئی میں 35 نئے کمیونٹی پارکس کے منصوبے کا پہلا پارک عوام کیلئے کھول دیا گیا
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی بلدیہ نے شہریوں کو رہائشی علاقوں کے قریب جدید تفریحی اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت 35 نئے کمیونٹی پارکس میں سے پہلا پارک عوام کیلئے کھول دیا۔
الغدیر الطیر کے علاقے میں قائم یہ پارک 9 ہزار 600 مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جسے رہائشی آبادیوں سے صرف پانچ منٹ کی مسافت پر قابل رسائی بنانے کے تصور کے تحت تیار کیا گیا ہے، افتتاحی تقریب میں دبئی بلدیہ کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر مروان احمد بن غلیطہ، اعلیٰ حکام اور مقامی رہائشیوں نے شرکت کی۔
پارک کو روایتی چار دیواری کے بغیر کھلے ڈیزائن میں تعمیر کیا گیا ہے تاکہ اطراف کی آبادیوں کے رہائشی باآسانی یہاں پہنچ سکیں، اس میں دو سے پانچ سال اور چھ سے بارہ سال کی عمر کے بچوں کیلئے الگ الگ کھیلنے کے مقامات، جاگنگ ٹریک، کھلی فضا میں ورزش کے آلات اور کمیونٹی تقریبات کیلئے مخصوص جگہیں بنائی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ایک کثیرالمقاصد ہال بھی جلد کھولنے کا منصوبہ ہے، جہاں رہائشی سماجی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں منعقد کرسکیں گے۔
نیوز ایجنسی کے مطابق دبئی بلدیہ کے پبلک فیسیلٹیز ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو بدر انواحی نے کہا کہ نئے پارکس کا مقصد محض تفریحی سہولیات میں اضافہ کرنا نہیں بلکہ رہائشی علاقوں کو زیادہ فعال، صحت مند اور سماجی روابط کیلئے موزوں بنانا بھی ہے۔
دبئی کے بلیو اینڈ گرین اسپیسز روڈ میپ 2030ء کے تحت چار ارب درہم سے زائد مالیت کے منصوبوں میں 120 سے زیادہ پارکس اور 200 کھیلوں کے میدانوں اور تفریحی مقامات کی ترقی شامل ہے۔
نئے پارکس میں ماحول دوست ٹیکنالوجی، پانی کے مؤثر استعمال اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے انتظامی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
دبئی بلدیہ کے مطابق باقی 34 کمیونٹی پارکس دسمبر 2026ء سے اپریل 2027ء کے دوران مرحلہ وار عوام کیلئے کھولنے کا منصوبہ ہے، ان پارکس کو مختلف عمر کے شہریوں کیلئے سال بھر سرگرمیوں کے مراکز کے طور پر تیار کیا جائے گا، جبکہ مقامی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کو بھی جدید خدمات متعارف کرانے کے مواقع فراہم ہوں گے۔
یہ منصوبہ دبئی اربن ماسٹر پلان 2040 اور شہر میں سبز مقامات بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد رہائشی سہولیات، صحت اور معیارِ زندگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments