230 سالہ تاریخ دوبارہ زندہ، شیخ محمد بن راشد کا تاریخی الفہیدی قلعے کا دورہ کیا

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی کی قدیم ترین تاریخی عمارت الفہیدی قلعے کے مکمل طور پر بحال کیے گئے عجائب گھر کا دورہ کیا اور اسے اماراتی تاریخ، ثقافت اور قومی ورثے کے تحفظ کی اہم علامت قرار دیا۔

تقریباً 230 سال سے زائد تاریخی اہمیت رکھنے والا یہ قلعہ 1787 میں تعمیر کیا گیا تھا اور مختلف ادوار میں دبئی کے دفاع، حکومتی انتظام اور سماجی زندگی کا مرکز رہا۔

شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ تاریخی ورثے کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے اور نئی نسل کو اپنے ماضی سے روشناس کرانا متحدہ عرب امارات کی ترقی کے سفر کا اہم حصہ ہے۔

دورے کے دوران شیخ محمد بن راشد کے ہمراہ دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد آل مکتوم بھی موجود تھیں۔ بحال شدہ عجائب گھر میں چھ مرکزی گیلریاں قائم کی گئی ہیں، جن میں 700 سے زائد تاریخی اشیا، قدیم ہتھیار، آثار قدیمہ، دستاویزات اور اماراتی معاشرت سے متعلق نوادرات شامل ہیں۔

عجائب گھر میں جدید سمعی و بصری ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نمائشوں کے ذریعے دبئی کے تاریخی ارتقا کو پیش کیا گیا ہے، دی والٹ نامی خصوصی گیلری میں متحدہ عرب امارات کی دفاعی تاریخ اور شیخ محمد بن راشد کی عسکری خدمات سے متعلق اہم اشیا بھی رکھی گئی ہیں۔

الفہیدی قلعہ 1896ء تک دبئی کے حکومتی مرکز کے طور پر استعمال ہوتا رہا، جبکہ 1971 میں مرحوم شیخ راشد بن سعید آل مکتوم کی ہدایات پر اسے دبئی کے پہلے عجائب گھر میں تبدیل کردیا گیا تھا، بحالی کے منصوبے میں قلعے کی اصل تاریخی ساخت کو محفوظ رکھتے ہوئے جدید سہولیات شامل کی گئی ہیں۔

شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد نے کہا کہ تاریخی عمارتوں کی حفاظت صرف ماضی کو محفوظ کرنے کا عمل نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو اپنی تہذیب، روایات اور قومی شناخت سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

شیخ محمد بن راشد نے بحالی کے منصوبے میں حصہ لینے والے اداروں اور ماہرین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دبئی کی ترقی کی بنیاد اس کی تاریخ، ثقافت اور انسانی اقدار میں پیوست ہے۔

بحالی کے اس منصوبے میں دبئی کلچر، وزارت دفاع، دبئی بلدیہ، روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ معیشت و سیاحت سمیت مختلف اداروں نے تعاون کیا، بحال شدہ الفہیدی قلعہ اب مقامی شہریوں، طلبہ اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے دبئی کے تاریخی سفر کو سمجھنے کا ایک اہم ثقافتی مرکز بن گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...