پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا ہدف

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست فضائی رابطوں کا آغاز مئی 2027 میں کرنے کا ہدف مقرر کر لیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے مالدیپ کے وزیر سیاحت و شہری ہوابازی محمد سعید سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری اور فضائی و بحری روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری فوڈ ایگ پاکستان 2026 کے موقع پر ہوئی، اس دوران دونوں وزرا نے چوتھے گلوبل کوزین شو کا بھی دورہ کیا، جہاں دنیا بھر کے روایتی کھانوں اور مختلف ذائقوں کی نمائش جاری ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فضائی اور بحری روابط میں بہتری سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ مالدیپ میں پاکستانی غذائی مصنوعات، ادویات، ٹیکسٹائل اور تعمیراتی سامان کی برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے ان مواقع سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔

ملاقات میں مالدیپ کی جانب سے پاکستانی سرمایہ کاروں کو حلال سیاحت اور شریعت سے ہم آہنگ ریزورٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ طبی سیاحت اور صحت کے شعبے میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

جام کمال خان نے مالدیپ کے ہوٹلوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کی تربیت کی تجویز بھی پیش کی تاکہ پاکستانی کارکنوں کو روزگار کے مزید مواقع میسر آسکیں، تاہم اس موقع پر پاکستان، مالدیپ اور مشرقی افریقہ کے درمیان بحری تجارتی روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے فوڈ ایگ پاکستان 2026 کے تیسرے روز مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور غیر ملکی وفود کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سٹال پر صوبے کی مختلف مصنوعات اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ بھی لیا۔

جام کمال خان نے ٹریڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں برآمدات کے مواقع اور درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی خریداروں سے منسلک کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

وفاقی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے اور تجارتی روابط مضبوط بنانے کے لیے ٹریڈ افسران کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...