نئے صوبوں، انتظامی یونٹس ریاست اور عوام کی ضرورت ہے: مصطفیٰ کمال

کراچی: (دنیا نیوز)وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام ریاست اور عوام دونوں کی ضرورت ہے، ہمارے مؤقف کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔

شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کر چکے ہیں کہ انہیں اپنے علاقوں میں چھوٹے انتظامی یونٹس چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ کوٹا سسٹم اور شہری مسائل کے حوالے سے بھی ہمارے پاس کوئی اختیار نہیں، دس سال سے یونیورسٹی روڈ نہ بنانے والوں کا بھی ہم کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

وفاقی وزیر صحت  نے سوال اٹھایا کہ 27ویں آئینی ترمیم پر قومی اسمبلی میں کتنے دن اور کتنے گھنٹے بحث ہوئی؟

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام کام پاکستانی طریقے سے ہوتے ہیں، جب ہماری باری آئے تو ہمیں برطانوی جمہوریت کے اصول نہ سکھائے جائیں، انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ بھی پاکستانی طریقے سے آگے بڑھے گا۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر حکومتی شخصیات کے بیانات سامنے آ رہے ہیں، وزیراعظم کی جماعت کے خواجہ آصف بھی کھل کر نئے صوبوں کی بات کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ احسن اقبال بھی اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کر چکے ہیں جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات نے بھی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کی ہے۔

وفاقی وزیر صحت کا نے مزید کہا کہ سیاسی بیانات کا مقابلہ ابھی جاری ہے، اس معاملے پر حتمی بات فیصلہ کن مرحلے پر ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...