سی آر بی سی نہر کی بحالی، زمینداروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا: فیصل کنڈی

ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سی آر بی سی نہر کی بحالی کے موقع پر کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی ہے ہمارے زمینداروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا، دامان کے زمینداروں کا ذریعہ معاش نہر کا پانی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ٹھیکیدار نے مقررہ وقت سے پہلے نہر پر کام مکمل کیا جس سے زمینداروں کو ریلیف ملا، کوشش کر رہے ہیں کہ اس نہر کو محکمہ آبپاشی کے ماتحت کیا جائے، جن مہینوں میں نہر کا پانی بند رہا ان دنوں کا ٹیکس ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال کا ٹینڈر پیر کو لاہور واپڈا ہاؤس میں کھولا جائے گا، ایک ماہ کے اندر چشمہ لفٹ کینال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، لفٹ کینال سے گندم کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا جبکہ سی پیک پر پینالہ انٹرچینج کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے بے گناہ قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، علاقے میں جاری ترقیاتی کام جاری رکھے جائیں گے، صفائی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہر میں الیکٹرک بسیں چلائیں گے، ڈیرہ میں آئی ہسپتال کا جلد افتتاح کریں گے، صحت کے شعبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ڈاکٹروں کی تنخواہیں بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو 40 ارب روپے فراہم کر رہے ہیں، شہداء پولیس کا پیکیج بڑھائیں گے اور ان کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر کریں گے، پولیس کے لیے ڈیڑھ ارب روپے سے سولر سسٹم نصب کیا جا رہا ہے جبکہ سیف سٹی منصوبہ بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ نہر ٹوٹنے سے جن دیہات کو نقصان پہنچا تھا، حکومت انہیں پیکیج دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...