اب تک یوکرین کے 3 لاکھ ڈرونز تباہ کر دیئے: روسی وزارت دفاع

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین میں خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک روسی فضائی دفاعی نظام نے یوکرین کے 3 لاکھ سے زائد بغیر پائلٹ فضائی طیارے (ڈرونز) مار گرائے ہیں۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے 28 نومبر کو جاری رپورٹ کے مطابق خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک یوکرین کے مجموعی طور پر 3 لاکھ ایک ہزار 51 ڈرونز، 674 جنگی طیارے، 284 ہیلی کاپٹر اور 672 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظام تباہ کیے جاچکے ہیں۔

اس کے علاوہ یوکرین کے 31 ہزار 811 ٹینک اور دیگر بکتر بند جنگی گاڑیاں، ایک ہزار 799 ملٹی پل راکٹ لانچر نظام، 36 ہزار 997 توپیں اور مارٹر جبکہ 78 ہزار 193 خصوصی فوجی موٹر گاڑیاں بھی تباہ کی گئی ہیں۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران روسی افواج نے 156 علاقوں میں یوکرین کی فوجی تنصیبات، ڈرونز کی تیاری، ذخیرہ کرنے اور لانچ کرنے کے مراکز، فوجی ہوائی اڈوں اور یوکرینی فوجی دستوں اور غیر ملکی کرائے کے جنگجوؤں کی عارضی تعیناتی کے مقامات کو نشانہ بنایا۔

روسی جنگی طیاروں، حملہ آور ڈرونز، میزائل فورسز اور توپ خانے نے یوکرینی مسلح افواج کے زیر استعمال توانائی اور ایندھن کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔

وزارت دفاع کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین کے ایک ہزار 601 ڈرونز، پانچ گائیڈڈ فضائی بم اور امریکی ساختہ ہیمارس نظام کا ایک راکٹ مار گرایا۔

روسی وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف محاذوں پر روسی افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں تقریباً 1100 یوکرینی فوجیوں کا جانی نقصان ہوا۔

وزارت دفاع کے مطابق روسی افواج کے شمالی گروپ کی کارروائیوں میں 160 تک، مغربی گروپ کی کارروائیوں میں 210 سے زائد، جنوبی گروپ کی کارروائیوں میں 175 تک جبکہ مرکزی گروپ کی کارروائیوں میں 340 سے زائد یوکرینی فوجیوں کا جانی نقصان ہوا۔

اسی طرح مشرقی گروپ کی کارروائیوں میں 190 تک جبکہ دنیپر گروپ کی کارروائیوں میں 25 تک یوکرینی فوجیوں کا جانی نقصان ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...