وسیم اکرم پی ایس ایل ٹیم سیالکوٹ سٹیلینز کے صدر مقرر
لاہور: (ویب ڈیسک) وسیم اکرم پی ایس ایل ٹیم سیالکوٹ اسٹیلینز کے صدر مقرر ہوگئے جبکہ ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز کا آفیشل لوگو کی بھی رونمائی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے نجی ہوٹل میں الفا اوزی اسپورٹس کی تقریب میں سابق کپتان محمد وسیم اکرم کو باضابطہ طور پر سیالکوٹ سٹیلینز کا صدر نامزد کیا گیا۔
وسیم اکرم نے تقریب میں آن لائن شرکت کی اور بطور صدر ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سیالکوٹ سٹیلینز کو ایک مضبوط اور کامیاب فرنچائز بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے دوران سیالکوٹ سٹیلینز کا آفیشل لوگو بھی پہلی مرتبہ منظرِ عام پر لایا گیا.
اس موقع پر سیالکوٹ سٹیلینز کے ہیڈ کوچ ٹیم پین ، ٹیم کے کو-اونرز حمزہ مجید اور محمد شاہد بھی موجود تھے جنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیالکوٹ اسٹیلینز پاکستان سپر لیگ میں جدید فیچرز متعارف کروانے، کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔
اس کے علاوہ الفا اوزی سپورٹس کی چیئرپرسن صبیحہ سلطان نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ ادارہ مستقبل میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے بھی عملی اقدامات کرے گا تاکہ پاکستان میں خواتین کے کھیل کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے سیالکوٹ سٹیلینز کے اس اقدام کو لیگ اور پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔