قیام پاکستان کی قرارداد پاس کرنے والے ارکان اسمبلی ہمارے محسن، ہیرو ہیں: سپیکر سندھ اسمبلی

کراچی: (دنیا نیوز) سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادرشاہ نے کہا کہ قیام پاکستان کے حق میں قرارداد پاس کرنے والے ارکان سندھ اسمبلی ہمارے محسن اور ہیرو ہیں۔

سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادرشاہ نے تاریخی سندھ اسمبلی کی87 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ قانون ساز سندھ اسمبلی نے ہی 1943ء میں قیام پاکستان کے حق میں قرارداد منظور کی تھی، 27اپریل 1937ء کو سندھ قانون ساز اسمبلی کا قیام عمل میں آیا۔

اویس قادر شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی قرارداد اور سندھ کے لوگوں کی جدوجہد نے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی، صوفیوں کی دھرتی سندھ ہمیشہ سے قانون، انصاف عوام اور جمہوریت کے ساتھ ہے، تحریک پاکستان، قیام پاکستان اور اب تعمیر پاکستان میں سندھ کا نمایاں کردار ہے۔

سپیکر سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی اپنے قیام سے لیکر آج تک تاریخی قانون سازی کر رہی ہے، سندھ اسمبلی کی تاریخی عمارت میں ہی بانی پاکستان نے حلف لیا تھا، سندھ اسمبلی کی عمارت میں آج بھی قرارداد پاکستان اور اس کے محرکین کے نام نمایاں طور پر آویزاں ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں