توشہ خانہ ریفرنس: نیب ٹیم کی اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے تفتیش

راولپنڈی: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کے ریفرنس تھری میں قومی احتساب نیورو (نیب) کی ٹیم نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اوران کی اہلیہ بشری بی بی سے چوتھے مرحلے میں تفتیش کی۔

ذرائع کے مطابق اس تفتیش کے بعد سابق وزیر اعظم اور سابق خاتون اول سے تفتیش کاچوتھا مرحلہ مکمل ہوگیا جس کے بعد نیب ٹیم تحقیقات مکمل کرکے اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ٹیم نے ملزمان سے توشہ خانہ تحائف کے حوالے سےتقریبا ایک گھنٹہ تک  تفتیش کی، تفتیش میں ملزمان سے تحفہ میں ملنے بلگیری جیولری سیٹ سے متعلق چند سوالات کئے گئے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی سے تفتیش کرنے والی نیب ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون اور ڈپٹی ڈائریکٹر مستنصر عباس شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:توشہ خانہ کیس: عمران خان اوربشریٰ بی بی کا گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

یاد رہے کہ نیب نے ملزمان کا احتساب عدالت سے 8روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے، نیب ٹیم ملزمان کو 22جولائی کو تفتیشی پیشرفت رپورٹ کے ساتھ دوبارہ عدالت پیش کرے گی۔

واضح  رہے کہ 13 جولائی کو عدت نکاح کیس میں بریت کے بعد قومی احتساب بیورو نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری ڈال دی تھی۔


 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں