نیا توشہ خانہ ریفرنس: بشریٰ بی بی کی گرفتاری کیخلاف درخواست پر تحریری حکمنامہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا۔

تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر عائد اعتراضات دور کئے جاتے ہیں، درخواست گزار کے وکیل کے مطابق یہ درخواست دیگر دو درخواستوں کے ساتھ  منسلک ہے۔

عدالتی حکم میں لکھا گیا کہ اسی ریفرنس میں کال اپ نوٹسز کے خلاف دو درخواستیں پہلے سے زیر سماعت ہیں، اس درخواست میں نیب کی جانب سے متواتر گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے، وکیل کے مطابق اس درخواست اور دیگر دو درخواستوں میں ایک جیسے حقائق و قانونی نکات زیر غور ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکم میں کہا کہ عدالت وکیل کی آراء سے متفق ہوتے ہوئے سمجھتی ہے کہ اس درخواست کو بھی دیگر دو درخواستوں کے ساتھ سنا جائے، درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کیلئے رجسٹرار آفس اس درخواست کی فائل چیف جسٹس کو بھجوائے۔

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق گرفتاری کا معاملہ فوری حل کا متقاضی ہے، چیف جسٹس درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں