سیاست کی آڑ میں ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے: وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیرداخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

وزیرداخلہ اور نائب صدر بی اے پی میر ضیاء لانگو نے کہا کہ نفرت کی سیاست کرنے والے کبھی بھی ملک کے وفادار نہیں ہوسکتے، رؤف حسن کے ریاست مخالف بیانیے کو پھیلانے میں بھارتی سہولت کاری بے نقاب ہوگئی، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل دہشت گردی کے ذریعے دشمن ملک بھارت پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے۔

میرضیاء لانگو نے کہا کہ ہندوستان کو پاکستان کی ترقی وخوشحالی ہضم نہیں ہو رہی، پی ٹی آئی سیاست کی آڑ میں نفرت، انتشار کی بجائے ملک کا سوچیں، حساس معلومات کو پہنچانے کا مقصد ریاست مخالف بیانیے کو بھارتی میڈیا میں پراپگنڈے کے طور پر استعمال کرنا تھا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ تمام ثبوتوں کے پیش نظر رؤف حسن اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف مکمل اور کڑی تحقیقات کی جانی چاہئے، بھارت سرکار کے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی کے واضح ثبوت موجود ہیں، پی ٹی آئی بیرونی دشمنوں کے خوشنودی حاصل کرنے کے بجائے پاکستان کی عوام پر اعتماد کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسیت ملک وقوم کی ترقی، خوشحالی اور خدمت کا نام ہے، سیاست میں ملک کے خلاف سازشیں کرنا ملک دشمنی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں