بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی برف باری، سیاحوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت
دیر بالا، ہنزہ: (دنیا نیوز) بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
دیر بالا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ، لواری ٹنل، کمراٹ، ڈوگ درہ سمیت پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر دیربالا کا کہنا ہے کہ لواری ٹنل میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ سڑک ٹریفک کے لیے کھلی ہے، بھاری مشینری سے برف ہٹاکر لواری ٹنل روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے لواری ٹنل آنیوالے سیاحوں کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کے ڈرائیورز لواری ٹنل آتے ہوئے ٹائروں کو زنجیریں ضرور ڈالیں۔
ادھر ہنزہ میں بھی برفباری وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں تین روز تک ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی جبکہ سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب مظفر آباد میں بادل برس پڑے، وادی نیلم اور وادی لیپہ میں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، خوب بادل برسے، قلعہ عبداللہ میں برفباری نے رنگ جما دیا۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑ ھ لی، گلگت بلتستان میں بھی غضب کی سردی پڑنے لگی، پارہ نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گرگیا۔