سوات، بلوچستان میں برفباری کے دوران پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری

سوات، ژوب: (دنیا نیوز) سوات اور بلوچستان میں میں شدید برفباری کے دوران پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔

قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں پاک فوج ہمیشہ کی طرح عوامی خدمت اور انسانی جانوں کے تحفظ میں پیش پیش ہے، سوات میں شدید برف باری کے دوران پاک فوج ہمہ وقت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

شدید برفباری کے باعث سوات میں متعدد سیاح اور مقامی افراد سڑکیں بند ہونے سے محصور ہو گئے، شاہراہوں کی بندش کی اطلاعات پر پاک فوج نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

پاک فوج نے فوری طور پر برف سے ڈھکی تمام سڑکیں صاف کرکے ٹریفک کو بحال کر دیا ہے، پاک فوج نے امدادی کارروائیوں کے دوران متاثر افراد میں خوراک اور گرم ملبوسات فراہم کئے۔

برفباری کے باعث محصور سیاح اور مقامی افراد نے بروقت اور بہترین ریسکیو آپریشن پر پاک فوج کا شکریہ ادار کیا۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی شدید برفباری کے دوران پاک فوج نے ریسکیو و بحالی آپریشن جاری رکھا، پاک فوج کے جوان بلوچستان کے علاقے ژوب میں شدید برفباری کے دوران امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

شدید برفباری کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کے لیے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن اور پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

برفباری میں پھنسے افراد کیلئے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی مختلف مقامات پر ٹریفک کنٹرول اور امدادی سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں۔

پاک فوج نے ژوب کے مقام علاؤالدین پاس کو چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا، پاک فوج کے جوان سخت موسمی حالات کے باوجود پھنسے ہوئے شہریوں اور گاڑیوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے میں بھرپور مدد فراہم کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں